وش ویب: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے۔
آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلے کو کم سمجھا ہے۔ پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے، یقینی بنائیں گے کہ ہر غیر ملکی بالخصوص چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہیں۔