وش ویب: شہر اور گردونواح میں بچھائی گئی پائپ لائنز سے ڈیڑھ سالہ طویل انتظار کے بعد بالآخر گیس سپلائی بحال کردی گئی.
تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں بچھائی گئی پائپ لائنز سے ڈیڑھ سالہ طویل انتظار کے بعد گیس سپلائی بحال کردی گئی،تاہم گیس پریشر میں کمی اور چند علاقوں میں گیس نہ پہنچنے کی وجہ سے مایوسی بھی پھیلی. شہریوں نے گیس سپلائی بحال ہونے پر گیس پائپ لائن بچھانے کی افتتاح سے لے کر گیس کی بحالی تک کردار ادا کرنے والے تمام سیاسی و سماجی شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ گیس سپلائی سے جڑے باقی تمام مسائل بھی جلد حل کئے جائیں گے.
کافی عرصہ سے زیر التوا گیس سپلائی بحال ہونے کا باقاعدہ افتتاح سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) آفیسر اور دیگر ٹیم نے کیا. اس موقع پر منصوبے کی مکمل اور دیرپا کامیابی کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی .گیس سپلائی بحال ہونے پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،تاہم نواحی گنجان آباد علاقوں پوہلی دنانی اور سنہڑی زیریں میں سپلائی کی عدم بحالی پر علاقہ مکینوں نے مایوسی کا بھی اظہار کیا. سوئی سدرن گیس کمپنی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جلد ہی متعلقہ علاقوں میں گیس سپلائی بحال کی جائے گی.