وش ویب : پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اور مایہ ناز اداکار محمود اسلم کا کہنا ہے کہ انہیں نعمان اعجاز کے والد کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی جس کے لیے وہ رضامند نہیں ہوئے۔
حال ہی میں محمود اسلم نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جس میں انہوں نے دورِ حاضر کے ڈراموں کے حوالے سے بات چیت کی اور اداکاروں کی کاسٹنگ پر اعتراضات کیے۔میزبان نادیہ خان نے اداکار سے سوال کیا کہ آپ کو کیسا لگتا ہے جب آپ کو ان اداکاروں کے والد کا کردار آفر کیا جاتا ہے جو آپ سے صرف چند برس ہی عمر میں کم ہوتے ہیں؟
میزبان کے سوال پر محمود اسلم نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں ایک پراجیکٹ میں مجھے نعمان اعجاز کے والد کا کردار آفر کیا گیا جب کہ نعمان اعجاز مجھ سے چند برس ہی چھوٹا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے نادیہ خان سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دیکھیے نادیہ یہ کیسی بات ہے، برائے مہربانی آپ اس کے خلاف اسٹینڈ لیں۔
اس پروگرام میں موجود ساتھی میزبان و اداکار اعجاز اسلم نے بھی محمود اسلم کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ مجھے بھی اس طرح کی آفرز آتی ہیں تو میں اسی صورت میں قبول کرتا ہوں اگرچہ والد کا کردار طاقتور اور متاثر کن ہو۔
میزبان نادیہ خان نے بھی کہا کہ مجھے بھی ایسے اداکاروں کی والدہ کے کردار کی پیشکش کی گئی جو مجھ سے چند برس ہی چھوٹے تھے لیکن میں نے بھی واضح انداز میں یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ اگر 18 برس سے بڑی عمر کے اداکار کی ماں بنائیں گے تو میں نہیں کروں گی۔