وش ویب : جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ملک میں چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر85.83 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2023سے لیکرفروری 2024 تک کی مدت میں چاول کی برآمدات سے ملک کو2.517 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 85.83 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی برآمدات سے ملک کو1.354 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 3.932 ملین میٹرک ٹن چاول کی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.546 ملین میٹرک ٹن تھی۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 472135 میٹرک ٹن باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو539.42 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38.43 فیصدزیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 366210 میٹرک ٹن باسمتی چاول کی برآمدات سے ملک کو386.88 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔چاول کی دیگراقسام کی برآمدات سے ملک کو 2.180 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 967.87 ملین ڈالرتھا۔