وش ویب : زر مبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔
برآمد کنندگان کی جانب سے زرمبادلہ میں اپنی برآمدی آمدنی کی فروخت بڑھنے مارچ میں سمندرپار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے جیسے عوامل کے باعث بدھ کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 279 روپے سے نیچے آگئے۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہی جس سے ایک موقع پر 54 پیسے کی کمی سے 278 روپے 53 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 29 پیسے کی کمی سے 278 روپے 78 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 25 پیسے کی کمی سے 281 روپے 22 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارت وصنعتی شعبوں میں آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کے لیے ممکنہ سخت شرائط اور معاشی مستقبل سے متعلق اضطراب برقرار ہے۔ نئے وزیر خزانہ بھی آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کی مدت طویل اور مالیت زیادہ ہونے کا بیان دے چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جاری پروگرام کے تحت قرضے کی آخری قسط کے اجراء کے لیے آئی ایم ایف حکام کا جائزہ شروع ہوگیا ہے لیکن پاکستان کی مطلوبہ شرائط پہلے ہی پوری ہونے سے قسط کے اجراء کی توقعات یقینی ہوگئی ہے اور یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ نئی معاشی ٹیم آئی ایم ایف سے مجوزہ نئے طویل المدت اور زائد مالیت کا قرض پروگرام حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔