وش ویب: بلوچستان کے علاقے سرانان میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور 50 مویشی ہلاک ہو گئے۔
مغربی ہواؤں کا سسٹم جنوب اور شمال سے بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے زیر اثر بلوچستان کے ساحلی اور شمالی بالائی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق مغربی سسٹم سے پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقے زیر اثر آگئے ہیں، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، خانوزئی، مسلم باغ میں بارش ہو رہی ہے۔اس کے علاوہ جنگل پیر علیزئی، سرانان، گلستان، شیلا باغ اور کوژک ٹاپ کے ساتھ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، برشور، حرمزئی میں بارش ہو رہی ہے۔
لیویز ذرائع کے مطابق پشین کے علاقے سرانان میں رات گئے 3 مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے، آسمانی بجلی خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں پر گری۔ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے 3 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں اور 2 افراد جاں بحق ہوئے۔لیویز ذرائع کا بتانا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے 50 جانور بھی ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے 13 مارچ تک بلوچستان کے 28 اضلاع میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔