نوکنڈی ( یوسف ساسولی): نوکنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،بجلی سمیت ٹریفک کا نظام متاثر رہا تاہم جانی مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی.
تفصیلات کے مطابق نوکنڈی اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہا، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے. بارش سے پورا علاقہ پانی سے جل تھل ہوگیا ،پورے شہر کے گلی کوچوں میں بارش کا پانی جھیل کا منظر پیش کرنے لگا. کہیں ایک مقامات پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی کو راستہ دینے کی کوششوں میں لگے رہے .بجلی کا نظام درہم برہم رہا ،جس سے لوگ پانی ذخیرہ کرنے اور موبائل چارج کرنے سمیت برقی سہولیات سے محروم رہے .موبائل نیٹورکس بھی منقطع رہنے سے صارفین کو رابطہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا. کوئٹہ تفتان شاہراہ پر پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی جزوی طور پر متاثر رہی .ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ریلوئے ٹریک بھی متاثر رہے،لیکن کہیں سے بھی جانی مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔