وش ویب : سابق قومی کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا، زیر تعلیم طلبا اور طالبات کو بلا معاوضہ تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگئی ہے، طالب علموں کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی فیس کے سبب بعض اوقات تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں طلبا کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔