وش ویب : پاکستان کے یورو بانڈز اور سکوک عالمی مارکیٹ میں بہترین نتائج دینے والے بانڈز کے طور پر ابھر رہے ہیں، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پاکستان اور الیکشن کے نتیجے میں نئی منتخب ہونے والی حکومت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق پاکستان کے ایک ارب ڈالر مالیت کے 10 سالہ بانڈز جو 15 اپریل کو میچیور ہورہے ہیں، کی قیمت 7 فروری کو 98.11 سینٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، عالمی سرمایہ کار اس وقت پاکستانی بانڈز میں 7.80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں، جو کہ اپریل 2024 سے اپریل 2051 کے دوران مختلف سالوں میں میچیور ہونگے۔
ایکپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ طاہر عباس نے کہا کہ یوروبانڈز کی قیمت گزشتہ سات ماہ کے دوران ڈبل ہوچکی ہے، اور یہ دنیا کے بہترین بانڈز کے طور پر سامنے آئے ہیں، پاکستانی بانڈز کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ پاکستان میں الیکشن کا انعقاد اور الیکشن کے بعد بننے والی نئی حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر آئی ایم ایف پروگرام کا حصول ہے، اور مرکزی بینک کی جانب سے دسمبر 2024 تک پالیسی ریٹ میں کمی کا تخمینہ ہے۔