وش ویب : سرمایہ کاری سہولت کونسل نے اسٹرٹیجک کنالز ویژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دے دی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا نواں اجلاس ہوا۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وفاقی کابینہ کے ارکان، صوبائی وزرائے اعلی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری منصوبوں، پالیسی اقدامات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔کمیٹی نے ملک کی معیشت کی بہتری کیلیے اٹھائے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دی.
کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی استعداد کار کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کیلیے مختلف شعبوں میں اقدامات، افرادی قوت کی ترقی، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مقامی تنازعات کے حل کیلیے موثر طریقہ کار سے ایک پائیدار نظام بنانے کی بھی تعریف کی۔
کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی طرف سے سرمایہ کاری سے بھرپور مستفید ہونے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے ملک میں معاشی استحکام اور لوگوں کی معاشی و سماجی بہتری کیلیے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کے عزم کا اظہار کیا، اجلاس کے اختتام پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ منتخب حکومت کو چاہیے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی قائم کردہ معاشی اقدمات کی رفتار سے استفادہ حاصل کرے۔