وش ویب: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے فیصل آباد میں اورنج لائن ٹرین لانے کا وعدہ کردیا ہے.
انہوں نے شرکا سے دریافت کیا کہ کیا یہ مجمع فیصل آباد میں اورنج لائن دیکھنا چاہتا ہے؟ شہباز شریف نے آپ کو میٹرو پر ٹرخا دیا لیکن فیصل آباد میں اورنج لائن بھی ہونی چاہیے، ہم فیصل آباد کے لیے اورنج لائن منصوبہ لائیں گے۔ فیصل آباد والوں زندہ باد، اس میں کوئی شک ہے کہ میں آپ سے پیار کرتا ہوں
پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکری دینے کا وعدہ کرنے والوں نے ایک نوکری نہ دی، وہ دھرنے کر رہے تھے اور ہم دہشت گردی کا خاتمہ کر رہے تھے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔ہم وہ زمانہ واپس لائیں گے جب مہنگائی نہیں تھی، روٹی 4 روپے اور چینی 50 روپے والا زمانہ واپس لائیں گے، ہمارے دور میں چینی 50 روپے کلو اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا۔
بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان پر تنقیدی نشتر برساتے ہوئے کہا کہ حکیم رانا ثنا اللہ نے ایسا علاج کیا ہے کہ نہ بیمار نظر آتا ہے نہ بیماری۔ہجس محبت سے فیصل آباد میں استقبال کیا گیا لگا ہی نہیں کہ نواز شریف 4 سال سے یہاں نہ آیا ہو۔
مریم نواز نے کہا کہ ممی ڈیڈی نہیں بلکہ اصلی پاکستانی (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ فیصل آباد ترقی کرتا ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، فیصل آباد والوں نے آج اپنا فیصلہ سنادیا ہے، (ن) لیگ گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتی نا ہی کسی کو چور کہتی ہے۔